گڑھ چرولی 24اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹر پولیس کے 60 اسکواڈ کے ساتھ تصادم میں مارے گئے 15 ماؤنوازوں کی لاشیں برآمد ہونے کے ساتھ گڑھ چرولی تصادم میں مرنے والے نکسلیوں کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی ہے۔ ایک سینئر پولیس افسر نے آج بتایا کہ 22 اپریل کو کاسان سور کے جنگلوں میں سی 60 اسکواڈ کی مہم میں 16 نکسلیوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں ۔ ان میں نو مرد اور سات خواتین بھی شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بھاری بارش اور فوجیوں کی تعداد ممیں کمی کی وجہ سے تلاش آپریشن کو روک دیا گیا تھا۔ کل اندراوتی ندی میں تلاش شروع کر کے وہاں سے 15 اور لاش برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مزید لاشوں اور ہتھیاروں کی تلاش کی جا رہی ہے۔ وہیں راجارام کھنڈالا چوکی کے کھاپے وانچ علاقہ میں ایک اور مہم میں چھ نکسلی ہلاک ہوئے اور ان کی بھی لاش برآمد کرلی گئی ۔ مہاراشٹرکے پولیس ڈائریکٹر جنرل ششی ماتھرنے کہاہے کہ نکسلیوں کے خلاف اس مہم سے ان کے حوصلے پست ہوں گے اور وقتاً فوقتاً اس کی ضرورت بھی ہے ۔